پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیر اعلی آفس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، کمشنر لاہور ڈویژن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، طبی ماہرین اور اعلی عسکری و سول حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات خصوصا لاہور شہر میں کیسز میں اضافے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم پر پیشرفت اور کاشتکاروں کو فراہم کردہ سہولتو ں پر بھی غور کیا گیا- شرکاء نے لاہور شہر میں کرونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ لاہور شہر میں کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر مینجمنٹ کی علیحدہ پالیسی مرتب کی جائے گی۔ اس ضمن میںایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی لاہور شہر کے حوالے سے علیحدہ پالیسی کیلئے سفارشات تیار کرے گی۔ صوبے کی سیاسی و عسکری قیادت نے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ لا ک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے کاروبار کے لئے جاری ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ انڈسٹری یا بزنس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ اجلاس میں ڈاکٹروں ، نرسوںاور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کورکمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لاہور شہر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر علیحدہ لائن آف ایکشن پر عملدرآمد کرنا ضروری ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کا فیصلہ سب کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ چھوٹی مارکیٹوں اور دکانوں کی زوننگ کر کے کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ اوپن ہونے والے کاروبار کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔ وباء کو شکست دینے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے دوران بھی بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ مشکل وقت میں قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت عوام کے تعاون سے کرونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹ رہی ہے۔ گندم ذخیرہ کرنے پر بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اور گندم کو بھی اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ عثمان بزدار نے کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون پرعسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے گجرات کے تھانہ ڈنگہ کی حدود میں ایس ڈی او واپڈا پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور گرفتار ملزموں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ ڈنگہ میں درج کر لیا ہے اور تین ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عثمان بزدارنے سینیٹر فیصل جاوید کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے صحافی اسد کھرل اور اپنے کیمرہ مین عاصم امین کے والد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن