وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں درپیش اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے غیر روایتی حل تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے۔Covid-19 کے نتیجے میں معیشت کی موجودہ صورتحال اور مستقل کے لائحہ عمل سے متعلق اسلام آباد میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور لوگوں کیلئے ریلیف کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ کی کوششوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور زرعی شعبے کی امداد پر بھر پور توجہ دینے پر زور دیاتاکہ ان شعبوں میں عوام کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے۔قومی معیشت کے مستقبل کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے مجموعی اقتصادی صورتحال اور رواں مالی سال کے آخری نو ماہ کے دوران بڑے اقتصادی اشاریوں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کرونا وائرس کی وباء سے ملکی معیشت پر مرتب ہونے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم کی اقتصادی چیلنجزسےنمٹنےکیلئےغیرروایتی حل تلاش کرنے کی ہدایت
May 09, 2020 | 10:00