لاہور(سٹی رپورٹر)زیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کرونا کی حفاظتی تدابیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام عید کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر اور نقل وحرکت سے گریز کریں۔کورونا کے تناظر میں عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کرونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔ عید کی چھٹیوں کے دوران صوبہ پنجاب کے پارکس اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے اور 16 مئی تک لاک ڈاؤن رہے گا‘ جس کا مقصدلوگوں کی نقل وحمل کو محدود کرنا ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ عوام کورونا کی احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ماسک کواپنی زندگی کا حصہ بنائیں، ماسک نہ پہننے والے اپنے علاوہ دوسروں کیلئے بھی خطرے کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں - صوبے میں کورونا کی ویکسی نیشن کا عمل شروع ہے، تاہم احتیاط سے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔