اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بھارت میں 44 کروڑ روپے کی 7 کلو یورینیم پکڑی گئی۔ سمگلروں جگر پانڈیا اور ابو ظاہر کو گرفتار کرکے عدالت پیش کیا گیا۔ 12 مئی تک ریمانڈ دیدیا گیا۔ پاکستان نے بھارت میں 7 کلو تابکار یورینیم تحویل میں لیے جانے کی اطلاعات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا بھارتی حکام معاملے کی جامع تحقیقات کرائیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت میں ایٹمی مواد یا نیچرل یورینیم قبضے میں لیے جانے پر اپنے بیان میں کہا ہے کئی سوالات نے جنم لیا ایٹمی مواد کی حفاظت تمام ممالک کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، بھارت میں ایک عام شخص سے ایٹمی مواد ملنا اچنبے کی بات ہے۔ دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی حکام معاملے کی جامع تحقیقات کرائیں، تحقیقات کرائی جائیں بھاری مقدارمیں ایٹمی مواد ریاستی کنٹرول سے باہر کیسے نکلا اور بھارتی حکام ان وجوہات کی نشاندہی کریں جن کے باعث نیچرل یورینیم چوری ہوا۔ پاکستان نے مسجد اقصیٰ میں عبادت گزاروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں دائمی امن کے لیے ہم ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قرار دادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدر ی نے کہاکہ پاکستان اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں نہتے عبادت گزاروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایسے حملے انسانیت اور انسانی حقوق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ اقوام متحدہ نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ مشرقی القدس سے فلسطییوں کو زبردستی نکالنے کی تمام کارروائیاں بند کرے۔ اسرائیل کی یہ سرگرمیاں جنگی جرائم میں شمار کی جائیں گی۔ انسانی حقوق کی ہائی کمشنرکے ترجمان روبرک کولویل نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل سے کہتے ہیں کہ وہ مشرقی القدس سے فلسطینیوں کے جبری اخراج کے سارے اقدامات روکے۔