فلسطینیوں کیخلاف دہشتگردی کی مذمت‘ عالمی ادارے اسرائیل کو  روکیں: فضل الرحمن‘ سراج الحق

 لاہور (خصوصی  نامہ نگار) جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قبلہ اوّل بیت المقدس میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں  مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی اور مسلم ممالک کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عالمی سطح پر اس ظلم و بربریت کے خلاف آواز بلند کریں۔ مرکزی میڈیا آفس کے مطابق پارٹی وفود اور رہنمائوں مولانا محمد امجد خان، محمد اسلم غوری، حاجی شمس الرحمن شمسی، حاجی عبدالرزاق لاکھو سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے۔ اس دہشت گردی کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کی آنکھیں کھل جانی  چاہئیں۔ مولانا فضل الرحمان نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ مسلم اْمّہ کو قبول نہیں۔ امریکہ کی زیرسرپرستی جاری یہ دہشت گردی اس بات کا ثبوت ہے کہ سرپرست سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ مسلم ممالک کے حکمران اگر حسب سابق غفلت کا مظاہرہ کرتے ہیں تو مسلم اْمّہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے جمعتہ الوداع کے موقع پر فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں داخلے کے قدیم راستوں کو بھی  بند کیا جا رہا ہے۔ سراج الحق نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں سے روکنے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...