لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی حکمت عملی۔ نااہل اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہی ہے۔ پی ڈی ایم کا نااہل ٹولہ ملک کی ترقی روکنے کے درپے ہے۔ کرونا کے قومی چیلنج پر پی ڈی ایم کا منفی رویہ ایک المیہ ہے۔ افسوس کا امر ہے کہ پی ڈی ایم نے پہلے بھی عوام کی زندگی پر سیاست چمکائی اور اب بھی اس کا منفی رویہ قوم کے سامنے عیاں ہے۔ کرونا وباء میں عوام کو تنہا چھوڑنے والے یہ عناصر خود مارے مارے پھر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے اپنی منفی سیاست کی خاطر عوام کی زندگیوں کی پرواہ نہیں کی۔ پی ڈی ایم عناصر نے ہر موقع پر عوام کو تنہا چھوڑا ہے۔ کرونا کی تیسری لہر کے باوجود اس بے حس ٹولے نے اپنی منفی روش نہیں بدلی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں تیسری لہر کے باعث صورتحال تشویشناک ہے۔ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ یہاں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماں سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماں سے محبت عالمگیر جذبہ ہے جو کسی دن کا محتاج نہیں۔ ہمارا ہر دن ماں کی محبت سے معمور ہوتا ہے۔ آج میں جس مقام پر ہوں اس میں میری ماں کی دعائیں شامل ہیں۔ دریں اثناء بیان میں سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر میں آج سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن رہے گا۔ باہر نکلتے وقت ماسک کی پابندی ہر شہری کے لئے لازم ہے۔ ماسک پہننے سے شہری کرونا سے محفوظ رہیں گے۔ ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بزدار کی زیرصدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا‘ جس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے ڈیمز بنانے کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے سانگھڑ کے قریب سوڑا میں ڈیم کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ڈیم کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت ڈیم کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کرے گی۔ ڈیم کی تعمیر سے فصلوں کیلئے بھی پانی دستیاب ہو گا۔