اچی: (پی پی آئی ) پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن کا کہنا ہے کہ دینالی پہاڑ کو سر کرنا میرے لئے ایک چینلج ہے، وہ جلد اپنے خواب کو تعبیر دینے کیلئے امریکا کا دورہ کریں گے۔ اسد علی میمن نے بتایا کہ انہوں نے اس سلسلے میں امریکا کا ویزا حاصل کر لیا ہے، وہ اگلے ماہ امریکی ریاست الاسکا جانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وہ دینالی پہاڑ کو سر کرنے کے سفر پر نکلیں گے۔خیال رہے کہ دینالی پہاڑ کا شمار براعظم امریکا کی سب سے بلند چوٹی میں ہوتا ہے۔ اس کی اونچائی 6 ہزار 190 میٹر ہے۔ وکی پیڈیا کے مطابق جغرافیائی امتیاز کے لحاظ سے ماپی گئی یہ ماؤنٹ ایورسٹ اور اکنکاگوا کے بعد دنیا کی تیسری اہم چوٹی ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل اسد علی میمن نے براعظم افریقا کی بلند ترین چوٹی کو دنوں کے بجائے گھنٹوں میں سر کرکے دنیا بھر میں انوکھا ریکارڈ قائم کر رکھا ہے۔لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اسد علی میمن نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے براعظم افریقا کی بلند ترین ماؤنٹ کیلی منجیرو کو صرف 14 گھنٹے میں سر کیا تھا۔ماؤنٹ کیلی منجیرو کی اونچائی 5,895 میٹر ہے، کوہ پیماں کو یہ چوٹی سر کرنے میں پانچ سے سات دن لگتے ہیں۔ اسد علی میمن ریکارڈ وقت میں چوٹی سر کرنیوالے واحد ایشیائی اور پاکستانی کوہ پیما ہیں۔