لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان بازاروں میں چینی کے حصول کے لئے قطاروں اور 85 روپے کلو میں عدم دستیابی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کوئی ٹھوس بات نہیں بتائی گئی کہ چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کیا گیا ہے۔ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ کیسے چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ حکومت مارکیٹ میں 85 روپے کلو چینی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے رمضان بازاروں میں چینی کی فروخت پر پابندی نہ لگانے کی استدعا کی۔ سیکرٹری انڈسٹریز اور کمشنر لاہور نے عدالت میں تحریری طور پر یقین دہانی کروائی کہ85 روپے کلو فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔ عدالت نے سیکرٹری فوڈ اور سیکرٹری انڈسٹریز کو کمشنر لاہور سے تعاون کرنے کی ہدایت کی اور 21 جولائی کو حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔