لاہور (خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اسرائیلی فورسز کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر فائرنگ اور تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عبادت کی رات وحشیانہ فائرنگ اور تشدد فاشزم کی بدترین مثال ہے ۔ او آئی سی اسرائیلی فاشزم کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جب بھی اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ظلم کرتا ہے تو انسانی حقوق کی علاقائی اور قومی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی ہیں یہ منافقت اور ڈبل سٹینڈرڈ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدوں اور مسلمہ بنیادی انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کررہا ہے اور کوئی اُسے روکنے والا نہیں ہے۔ اقوام متحدہ اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں پر عملددرآمد کب کروائے گی؟۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی پرتشدد کارروائیوں اور فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کا اقوام متحدہ نوٹس لے اور تشدد بند کروائے۔