فیصل آباد (اے پی پی)موسم گرما کی شدت میں بتدریج اضافہ کے باعث گرم ہواں، دھوپ کی تمازت اور لو کے اثر کی وجہ سے چھوٹے و بڑے پھلدار پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ لہذا باغبان پودوں کی مناسب نگہداشت یقینی بنائیں۔ ماہرین زراعت نے باغبانوں کو سفارش کی ہے کہ وہ موسم گرما میں پھلدار خصوصا چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرات اور گرم ہوا سے محفوظ بنانے کیلئے کسی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں مئی سے جولائی تک سخت گرمی پڑتی ہے جس کے باعث پھل جھلس جاتا، چھلکا پھٹ جاتااور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ جس سے پھل کا کیرا بڑھ جاتا ہے اسلئے پھلدار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کی جائے۔انہوں نے کہاکہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن کے وقفہ سے پانی لگائیں نیز گرمیوں میں آبپاشی صبح یا شام کے وقت کریں۔ انہوں نے کہاکہ مئی و جون کے مہینوں میں پھلدار پودوں کے تنوں کو نیلا تھوتھا و چونا کے محلول سے سفید ی کی جائے تاکہ تنے گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔