پوائنٹ آف سیلز سسٹم ، 15ہزار ارب سے زائد ٹیکس آمدن ممکن : حبیب الرحمن زبیری

May 09, 2022

لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے ملک کے معاشی حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سابق حکمرانوں کی الزام تراشی کی روایت کو پروان چڑھانے کے بجائے معاشی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرے،آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کیلئے اس کی شرائط پر من و عن عمل کرنا معیشت کیلئے زہر قاتل ثابت ہوگا ،حکومت پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے منصوبے میں کامیابی حاصل کر لے تو 6ہزار ارب کے بجائے 15ہزار ارب سے زائد ٹیکس آمدن کا حصول ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملکی معاشی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدرعاشق علی رانا،نائب صدورافضل ایوبی،عثمان کیانی،واصف علی اویس،صدیق بٹ، سیکرٹری جنرل سید حسن علی قادری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن انصاری،حاجی نوید،زرین علی، ماریہ حبیب،مومنہ زوہیب،عامر محمود سمیت ٹیکس بار ز کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی ۔انہوںنے کہا کہ اگر حکومت اور ایف بی آر کو حالات کی سمجھ نہیں آرہی تو کم از کم سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے ،ماضی میں بھی ٹیکس بارز نے اہداف پورے کرنے میں حکومت اور ایف بی آر سے غیر مشروط تعاون کیا ہے ۔حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ٹیکسیشن نظام پر توجہ دے اور لوگوںکو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے سکیمیں لائی جائیں۔

مزیدخبریں