میرے کپتان نہ بننے کی وجہ ٹیم کے کوچ گریگ چیپل تھے،یوراج سنگھ

ممبئی(آئی این پی)سابق انڈین کرکٹر یوراج سنگھ کا شمار کرکٹ کی دنیا کے بہترین آل رائونڈرز میں ہوتا تھا لیکن اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 17سینچریاں اور 71 نصف سینچریاں سکور کرنے کے باوجود بھی انہیں کبھی قومی ٹیم کا مستقل کپتان نہیں بنایا گیا۔سابق انڈین آل رائونڈر نے ایک انٹرویو میں سپورٹس 18 کو بتایا کہ ان کے کپتان نہ بننے کی وجہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور انڈین ٹیم کے کوچ گریگ چیپل تھے۔ ٹیم کے کئی سینیئر کھلاڑی گریگ چیپل کے ٹیم کو چلانے کے طریقے سے خوش نہیں تھے۔ ورلڈکپ سے صرف ایک ماہ پہلے انہوں نے ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی جس سے سب متاثر ہوئے۔ان کے مطابق سابق کوچ کے سچن ٹندولکر سے معاملات ٹھیک نہیں چل رہے تھے اور انہوں نے اس معاملے میں اپنے ساتھی کھلاڑی کا ساتھ دیا۔مجھے کپتان بننا تھا لیکن پھر گریگ چیپل والا واقعہ ہوگیا اور ایسا لگا جیسے چیپل یا سچن میں سے کسی ایک کو چننے جیسا معاملہ ہو۔خیال رہے یوراج نے 2019 میں ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔یوراج کا کہنا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ کے کچھ افسران کو یہ بات پسند نہیں آئی اور یہ کہا جانے لگا کہ کسی کو بھی کپتان بنایا جاسکتا ہے لیکن یوراج کو نہیں۔مجھے اچانک ہی نائب کپتانی سے ہٹا دیا گیا اور ماہی (مہیندر سنگھ دھونی) کو 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے کپتان بنا دیا گیا۔ میں سوچ رہا تھا کہ مجھے کپتان بنایا جائے گا۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہیں کپتان نہ بننے پر کوئی افسوس نہیں اور دھونی ایک اچھے کپتان ثابت ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن