ہاکی کی بحالی کیلئے ہمیں متحد ہونا ہوگا ، شہلا رضا 

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا، عید ملن پارٹی میں 1994 اور 19984 ورلڈ چیمپئین ہاکی ٹیم کے ممبران سمیت بڑی تعداد میں سابق اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی، عید ملن تقریب میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر برائے حقوق نسواں شہلا رضا نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، مہمان خصوصی نے اکیڈمی کے چئیرمین اولمپئین اصلاح الدین کے ہمراہ ہاکی اکیڈمی کا مکمل دورہ کیا اور اکیڈمی کی مینز اور ویمینز ٹیموں کے میچز سے محظوظ بھی ہوئیں انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو بھی کی. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اولمپئین اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی میں موجود سہولیات نے انہیں بہت متاثر کیا ہے امید ہے کہ اولمپیئن اصلاح الدین کی سرپرستی میں اس اکیڈمی سے مستقبل کے اسٹارز نکلیں گے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اس کھیل میں ہمیں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ اکیڈمی میں خواتین کی ہاکی ٹیم دیکھ کر بھی انہیں خوشی ہوئی آخر میں انہوں نے اولمپئین اصلاح الدین کا عید ملن پارٹی میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا. اولمپئین اصلاح الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدالفطر ہمارے لئے خوشیاں لیکر آتی ہے اور اس مناسبت سے منعقدہ تقریب میں آج اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑی بڑی تعداد میں شریک ہیں اور زیادہ تر ایسے کھلاڑی ہیں جن کا میں کپتان، کوچ اور مینیجر رہا ہوں انہوں نے کہا کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور ٹاپ سٹی ون کراچی میں ہاکی کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، ٹاپ سٹی ون نے خواتین کی ہاکی ٹیم بنائی جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ قومی کھیل سے کتنے مخلص ہیں اور انکی خواہش ہے کہ وہ مردوں کی ٹیم بھی بنائیں. انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین کی تعریف بھی کی. تقریب میں قومی ہاکی ٹیم کے سابق کوچز اولمپئین حنیف خان، اولمپئین افتخار سید، قومی ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپئین سمیر حسین، قومی سلیکٹرز اولمپئین ایاز محمود، اولمپئین ناصر علی، اولمپئین وسیم فیروز سمیت اولمپئین کامران اشرف، اولمپئین کاشف جواد، اولمپئین اخترالسلام، سابق انٹر نیشنل کھلاڑی تسنیم عثمانی، لیئق احمد لاشاری، محمد علی خان، پرویز اقبال، ابوذر امرائو، فیصل وحید، مسعود الرحمن، محمد سرفراز، محمد عرفان، محمد خالد، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین، گلفراز احمد خان، عطمت پاشا، چیف انجینئر حکومت سندھ اسلم مہر، سید آل حسن، راشد یعقوب، واصف رضا، سید صغیر حسین، اسد ظہیر، محمد اسلم، مسز اسماء  علی شاہ، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی وینا مسعود، سابق انٹر نیشنل کھلاڑی شاہین فاطمہ، میڈم سعیدہ خانم، ٹاپ سٹی ون کے عمران سلیم، عباس حیدر اور دیگر نے شرکت کی.

ای پیپر دی نیشن