لوڈشیڈنگ پرقابو پالیا، تحریک انصاف بجلی بحران کی ذمہ دار: خرم دستگیر

May 09, 2022


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ہم نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تحریک انصاف حکومت کی ناتجربہ کاری اور نالائقی کی وجہ سے بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی و خوشحالی کو دوبارہ بحال کردیا  گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گیپکو ہیڈ کوارٹر میں قائم اپنے کیمپ آفس میں گیپکو افسران سے میٹنگ اور عوامی وفود سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گیپکو چیف محمد ایوب ودیگر افسران نے وفاقی وزیر بجلی انجینئر خرم دستگیر خان کو مختلف امور پر بریفنگ دی اور گیپکو کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ دریں اثناء خرم دستگیر خان سے تاجر وفد نے ملاقات کی اور تجارتی مراکز میں بجلی کی بے ہنگم تاروں سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے بجلی کیساتھ سابق میئر شیخ ثروت اکرام، سینئر نائب صدر کلاتھ مارکیٹ بورڈ شیخ افضل جج کی قیادت میں مختلف بازاروں اور مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے وفد نے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور خرم دستگیر خان کو وفاقی وزیر بجلی بننے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر تاجروں کے وفد نے وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان کو بتایا کہ اندرون شہر جناح بازار، ریل بازار، صرافہ بازار سمیت دیگر بازاروں اور ان سے ملحقہ مارکیٹوں میں بجلی کی بے ہنگم تاروں اور کم وولٹیج سمیت ٹرانسفارمرز کے بھی مسائل ہیں جس کی وجہ سے تاجروں اور دکانداروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خرم دستگیر نے تاجر نمائندوں کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ بازاروں میں بجلی کی تاروں سمیت دیگر مسائل فی الفور حل کردیئے جائیں گے اور تاجروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔

مزیدخبریں