نیپالی کوہ پیما نے 26 ویں بار  مائونٹ ایورسٹ کو سر کر لیا

May 09, 2022

کھٹمنڈو (نیٹ نیوز) ایک نیپالی کوہ پیما نے 26 بار دنیا کی بلند ترین چوٹی مائونٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ کامی ریتا شیرپا نے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑا ہے جو انہوں نے 2021ء میں 25 ویں بار مائونٹ ایورسٹ سر کر کے بنایا تھا۔ 50 سالہ کوہ پیما نے 8 ہزار 848 میٹر سے زائد بلند چوٹی کو 7 مئی کو سر کیا اور اس مہم میں ان کے ہمراہ مزید 10 شیرپا کوہ پیما بھی تھے۔ نیپالی محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل تارا ناتھ ادھیکاری نے بتایا کہ کامی ریتا نے اپنا ہی ریکارڈ توڑا اور مائونٹ ایورسٹ سر کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کامی ریتا نے جس راستے سے مائونٹ ایورسٹ کو 26 ویں بار سر کیا وہ وہی تھا جو دنیا کی بلند ترین چوٹی کو 1953ء میں پہلی بار سر کرنے کے لیے سر ایڈمنڈ ہیلری اور نیپالی شیرپا تینزنگ نورگے نے اختیار کیا تھا۔

مزیدخبریں