گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)ورلڈ تھیلیسمیا ڈے کے موقع پر سندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام آگہی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں اس مرض میں مبتلا بچوں کے علاوہ ان کے والدین اور عام شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تھیلیسمیا کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے ۔ جبکہ صدر چیمبر آف کامرس گوجرانوالہ محمد شعیب بٹ نے خصوصی طور پر ریلی میں شرکت کی ۔ اس موقع پر چیئرمین سندس فائونڈیشن حاجی سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً پانچ ہزار بچے پیدائشی تھیلیسمیا کا شکار ہوتے ہیں ان ننھے بچوں کو بار بار خون کی ضرورت پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسمیا کے مرض میں اضافہ کی بڑی وجہ کزنز میرج ہے ۔ جس سے گریز کرنا ہو گا۔ اس مرض سے بچنے کیلئے شادی سے قبل تھیلسیمیا کے ٹیسٹ لازمی کروانا چاہیے ۔ایڈمن آفیسر غلام نبی انصاری نے کہا کہ تھیلسیمیا کے مرض میں مبتلا معصوم بچے دل میں جینے کی امنگ رکھتے ہیں لیکن ان کی زندگی قطرہ قطرہ خون کی محتاج ہوتی ہے ۔ خون ان بچوں کی سانس بحال رکھتا ہے ۔ لیکن اس کیلئے کتنی تکلیفوں سے گذرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ یہ بچے کر سکتے ہیں یا پھر ان کے والدین ۔