جدہ، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، خبرنگار خصوصی، خصوصی نامہ نگار) سعوی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو طبیعت ناساز ہونے پر طبی معائنے کے لیے جدہ ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جدہ کے کنگ فیصل ہسپتال میں کولونوسکوپی کی گئی۔ سعودی ایوان شاہی نے کہا ہے کہ شاہ سلمان کی کولونوسکوپی کا نتیجہ تسلی بخش ہے۔ ڈاکٹروں نے شاہ سلمان کو آرام کیلئے کچھ وقت ہسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم خادم حرمین شریفین سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں اور پوری پاکستانی قوم شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ اپنے پیغام میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ اللہ کریم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو سلامت رکھے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شاہ سلمان کو جلد اور مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔
شاہ سلمان علیل، ہسپتال داخل، شہباز، شجاعت، پرویزالٰہی کی دعائے صحت
May 09, 2022