ٹھوس دستاویزی شواہد کی بنا پر مقدمات کی بھرپور پیروی کررہے چیئرمین نیب

May 09, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے احتساب سب کے لئے کی پالیسی اپنائی بلکہ نیب کی بھرپور اور مﺅثر پیروی کے باعث 2017ءسے2021ءکے دوران معزز احتساب عدالتوں نے 1405ملزمان کو سزا سنائی ہے۔ نیب کا آپریشنل اور پراسیکیوشن ڈویژن شکایت کی جانچ پڑتال انکوائریوں، انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق نمٹانے، معزز احتساب عدالتوں، معزز ہائیکورٹس اور معزز سپریم کورٹ آف پاکستان میں مقدمات کی پیروی کےلئے تمام علاقائی بیوروز کو قانونی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر تجربہ کار لیگل کنسلٹنٹ /سپیشل پراسیکیوٹر سمیت پراسیکیوشن ڈویژن کو فعال بنایا گیا ہے۔ نیب منی لانڈرنگ، اختیارات کے ناجائز استعمال، آمدن سے زائد اثاثے، عوام سے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی، جعلی اور غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ جیسے میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ نیب نے تمام علاقائی بیوروز میں وٹنس ہینڈلنگ سیلز بھی قائم کئے ہیں۔ اس اقدام کے باعث نیب ٹھوس دستاویزی شواہد کی بنیاد پر عدالتوں میں اپنے مقدمات کی بھرپور پیروی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے جدید فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیے کی سہولت موجود ہے۔ نیب کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جامع معیاری مقداری نظام وضع کیا ہے۔ نیب کے تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کو کرپشن فری بنانے میں اپنی کوششیں دو گنا کریں اور بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فرض سمجھ کر عزم، میرٹ، محنت اور شفافیت کے ساتھ ادا کریں۔
چیئرمین نیب

مزیدخبریں