مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر وفاداری فروخت کرنے والوں کو جیل میں ڈالنا چاہیے عمران

پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مخالفین جتنی مرضی کوشش کرلیں، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کرلیں 20 لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئے گا۔ اللہ نے ہمیں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔ وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ اور 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، (ن) لیگ کو باپ، بیٹے کے سوا کوئی نظر نہیں آتا، ان پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بیٹھا دیا ہے، کون سی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے، شہباز شریف ڈرامے بند کریں اور قوم کا لوٹا ہوا پیسا واپس کریں، گندم کی قیمت خود کم ہوجائے گی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں آج خاص مقصد کےلئے آپ لوگوں کے پاس آیا ہوں، مخالفین کہتے ہیں کہ گرمی بہت زیادہ ہے، عمران خان کی کال پر لوگ باہر نہیں نکلیں گے۔ مخالفین جتنی مرضی کوشش کرلیں، 20 لاکھ لوگوں کا سمندر اسلام آباد آئے گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کرلیں، 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔ مخالفین کو عوام کے جم غفیر کا خوف ہے، میں شاندار اور جنونی استقبال پر جلسہ گاہ میں موجود لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران جہاں بھی جائیں گے وہاں نعرے لگیں گے امپورٹڈ حکومت نا منظور ہے، پشاور سے صرف ایک لوٹا نکلا اور اس لوٹے کو آج تک دوبارہ پشاور واپس آنے کی جرات نہیں ہوئی۔ ہماری پارٹی سے منحرف ہوکر لوٹے بننے والے جہاں بھی جائیں گے ان کے خلاف ضمیر فروش، لوٹے، چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔ پوری قوم جانتی ہے کہ لوٹے کون ہیں، سکول جانے والے بچے بھی جانتے ہیں کہ لوٹا کیا ہوتا ہے۔ سابق وزیرا عظم نے کہا کہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا، 20 لاکھ سے زیادہ انسانوں کا جنون اسلام آباد میں آنے والا ہے۔ مخالفین آج عوام کا جم غفیر دیکھ لیں، کوشش انسان کرتا ہے، کامیابی اللہ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کبھی بیرونی سازش کے تحت مسلط کی گئی حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کر کے ہٹایا گیا، اس سازش میں مقامی میر جعفر اور میر صادق نے ان کا ساتھ دیا۔ میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتا تھا، میں امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا، امریکا چاہتا تھا کہ پاکستان میں پرویز مشرف جیسا حکمران ہو جو ایک فون کال پر لیٹ جائے۔ امریکا کے لیے ہم اپنے مفادات کیوں قربان کریں، وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہباز شریف تم بھکاری ہو، تم چور اور غلام ہو۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے تمام اشیاءکی قیمتیں اوپر چلی گئی ہیں، میڈیا سے درخواست ہے کہ عوام میں جائیں اور لوگوں سے پوچھیں کہ چیزوں کے کیا ریٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم باشعور ہوچکی ہے، قوم بیدار ہوچکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 1954 میں ایرانی حکومت گرانے کے لیے امریکا نے سازش کی اور وہاں کے میڈیا کو پیسا کھلایا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے سوموٹو لیا، رات کے 12 بجے عدالتیں کھلیں، آج جو کچھ ملک میں ہو رہا ہے، کیا کسی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے، ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کر رہے، جب چوری کا پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو معیشت تباہ ہوجاتی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ نے ہمیں نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ نہ میں تیتر ہوں، نہ بٹیر ہوں، میں تو نیوٹرل ہوں، بار بار کہتا ہوں کہ نیوٹرل صرف جانور ہوتا ہے، جنگل میں بڑا جانور چھوٹے کو پکڑ لیتا ہے اس کو کوئی بچانے نہیں آتا، کیونکہ وہ نیوٹرل ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ آخرت میں جواب لے گا کہ کیا تم راہ حق پر چلے یا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب ضمانت پر ہیں، (ن) لیگ کو باپ، بیٹے کے سوا کوئی نظر نہیں آتا، ان پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بیٹھا دیا ہے، کون سی جمہوریت میں ایسا ہوتا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ کپڑے بیچ کر گندم کی قیمت کم کریں گے، میں کہتا ہوں شہباز شریف ڈرامے بند کریں اور قوم کا لوٹا ہوا پیسا واپس کریں، قیمت خود کم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم روس سے 20 لاکھ ٹن گندم حاصل کرنا چاہتے تھے، ہم روس سے 20 فیصد کم ریٹ پر پیٹرول اور ڈیزل حاصل کرنا چاہتے تھے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل شانگلہ میں ایک آدمی کہہ رہا تھا کہ اپنے کپڑے بیچ دوں گا، یہ بدبودار کپڑے تو بلاول بھی نہیں خریدے گا۔ یہ خلیجی ممالک گئے وہاں انہیں پھٹکار پڑی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف مقدمہ بنالیں میں نہیں گھبراتا۔ میں ایک وعدہ کرتا ہوں کہ اگر آپ اس وقت بھی عمران خان کی کال پر اسلام آباد نہ پہنچے تو آپ میں قومی ذمہ داری کا فقدان ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جنہیں عمر قید کی سزادی گئی وہ وزیر بن رہے ہیں، ایک بات یاد رکھنا کہ یہ عمران خان کی تحریک نہیں بلکہ پاکستان کی زندگی اور موت کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی فوج کو عظیم سمجھتے ہیں۔ بلاول میری بلو رانی ہے میں اسے کچھ نہیں کہوں گا۔ عمران خان اور مجھے چار ماہ پہلے پتہ تھا کہ باپ کا باپ کون ہے اور کس نے اسے اکٹھا کیا ہے، میں افواج پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کرانا ہے۔ ساری پارٹیاں الیکشن پر تیار ہیں سوائے آصف زرداری کے۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ سن لیں کہ یہ آگ دور تک جا پہنچی ہے، یہ آگ پہاڑوں، چٹانوں، گھروں، میدانوں اور سڑکوں میں ہے، میں اس آگ کو سمجھتا اور جانتا ہوں۔

عمران

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...