عوام سستی اشیاء ڈھونڈنے میں سرگرداں‘ انتظامیہ غائب 

May 09, 2022


علی پور‘ ٹبہ سلطان پور (نامہ نگار/ سٹی رپورٹر) عید گزرتے ہی توقعات کے برعکس مہنگائی نے نان سٹاپ گیئر لگا دیا۔ عوام سستے آٹے سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کو ڈھونڈنے میں مصروف انتظامی مشینری مکمل طور پر غائب نئی حکومت آنے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا تفصیل کے مطابق گندم ٹماٹر پیاز اور کنولہ فصلات کی بڑی اچھی پیداوار ہونے کے باوجود  عوام کو اس حوالے سے کوئی فائدہ نہیں ہوپارہا ہے علی پور کے عوامی سماجی حلقوں کی جانب سے ملک سجاد احمد ایڈووکیٹ ملک زوار علی گھلو سابق نمائندہ پی سی بی عبدالمجید بھٹو لاشاری عبدالملک بھٹی جام عبدالغفار اور دیگر نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہے مگر باہر کی حکومتیں اپنے ممالک کی عوام کو اس گرانی سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات بروئے کار لارہی ہیں مگر دوسری جانب پاکستان میں عوام کو مافیاء کے سامنے بے بس ڈال دیا گیا ہے۔ٹبہ سلطان پور سے سٹی رپورٹر کے مطابق بازاروں میں سبزی کی دوکانوں پر پرچون میں لیموں کی قیمت 1000 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ شہری ہوشربا مہنگائی میں لیموں پیاز آلو ٹماٹرسمیت دیگر سبزیوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث سرکاری ریٹ لسٹ سے کئی گنا زیادہ مہنگی سبزیوں کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے غریب تو کیا اب سفید پوش بھی کھانا پکانے کے لیے سبزیاں خریدنے سے محروم ہو گئے ہیں دوسری جانب سبزی فروشوں کا کہنا ہے سبز منڈیوں میں  لیموں سمیت دیگر سبزیاں مہنگے داموں خرید کر سستا نہیں بیچ سکتے۔

مزیدخبریں