شاکر شجاع آبادی کی خدمات کا اعتراف،گھر پر تعارفی تختی نصب

ملتان، شجاع آباد، سکندر آباد (نمائندہ نوائے وقت،نامہ نگار)ضلعی انتظامیہ نے خطے کی ایک اور نامور شخصیت اور سرائیکی خطے کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے ضلعی افسران کے ہمراہ شجاع آباد کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرائیکی شاعر کے گھر پر تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے شاکر شجاع آبادی کے گھر پر اعزازی تعارفی تختی کی رونمائی کی۔تقریب میں شاکر شجاع آبادی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر اخلاق احمد،اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر اور ضلعی افسران و سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔تقریب کے موقع پر شاکر شجاع آبادی کے گھر پر سجاوٹ اور صفائی ستھرائی کے بھی انتظامات کئے گئے،  ڈپٹی کمشنر عامر کریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاکر شجاع آبادی نے پوری دنیا میں اس خطے کا نام روشن کیا ہے۔ نامور شاعر کی مکمل کفالت اور علاجِ و معالجہ جاری رکھیں گے۔قبل ازیں شاکر شجاع آبادی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام پر اظہار تشکر کیا گیا اور تقریب پذیرائی میں شاکر شجاع آبادی کا کلام و گیت بھی سنائے گئے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاکر شجاع آبادی کو تحائف بھی پیش کئے۔اہل علاقہ نے اس موقع پر سرائیکی ہیرو کی خدمات کے اعتراف پر حکومت کا  شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن