ملتان(جنرل رپورٹر)ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر خواجہ محمد حسین نے کہا ہے کہ موسم گرما میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ گزشتہ روز جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں انرجی بحران سے نئے مسائل جنم لے رہے ہیں اور صنعتی شعبہ میں پیداواری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کو جلد ختم کرنے کا اعلان اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میںپاکستان بجلی کی پیداوار کے لیے مہنگا تیل درآمد کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے جس سے تیل کے درآمدی بل میں زبردست کمی آئے گی اور درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق بھی کم ہو جائے گا۔