اسلام آباد(نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی اسلامی نیٹ ورک آن ورچوئل یونیورسٹیز (CINVU)کی جنرل اسمبلی کا تیسرا اجلاس یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور CINVUکے صدر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم کی سربراہی میں 11اور 12مئی کو منعقد ہوگا۔اِس اجلاس میں شام، آئیوری کوسٹ، ملائیشیا، ایران، ترکی، تیونس و دیگر ممالک سے ایگزیکٹو بورڈ کے ارکان شرکت کریں گے۔اجلاس میں نئی انفارمیشن اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی و تحقیقی نیٹ ورکس کے ترقیاتی پروگراموں کی حمایت کے لئے مناسب بنیادیں پیدا کرنے اور شراکت کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر غور کیا جائے گا۔اجلاس میں رکن ممالک کی ورچوئل یونیورسٹیوں کے لئے مشترکہ ڈگری پروگرامز پیش کرنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ اسلامی نیٹ ورک آن ورچوئل یونیورٹیز کی جنرل اسمبلی کا دوسرا اجلاس گذشتہ سال ڈاکٹر ضیا القیوم کی سربراہی میں ترکی کی انادولو یونیورسٹی میں منعقد ہوا تھا جس میں اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کہا تھا کہ اِس نیٹ ورک کی جنرل اسمبلی کا تیسرا اجلاس پاکستان کی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد کیا جائے گا۔اجلاس کے انتظامات کے لئے یونیورسٹی کی انتظامیہ نے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو اجلاس کی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں۔اوپن یونیورسٹی اِس اجلاس کو یادگار بنانے کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔یاد رہے کہ اوپن یونیورسٹی نے پہلے ہی اپنے نظام تعلیم کو آٹومیشن پر منتقل کیا ہے جس کے تحت طلبہ کو داخلے سے لے کر ڈگری کے حصول تک آن لائن سہولتیں مہیا کردی گئیں ہیں۔یونیورسٹی تعلیم کے معیار اور طلبہ کی سہولتوں میں اضافہ کے لئے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل پر یقین رکھتی ہے اور اِس اجلاس کے نتیجے میں دیگر بین الاقوامی جامعات کے ساتھ اشتراک کی نئی راہیں ہموار ہونگی۔