قومی جونئیر کرکٹ سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے قومی جونیئرسلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اورارکان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلا ن رواں ماہ21 مئی سے شروع ہونے والے ملک گیرانڈر19 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کرکٹ ٹورنامنٹ کے آغازسے قبل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 14 ٹیسٹ اور 39 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے60 سالہ سابق فاسٹ باﺅلرسلیم جعفر کی سربراہی میں قائم کی جانے والی5 رکنی قومی جونیئرسلیکشن کمیٹی کی معیاد رواں سال فروری میں ختم ہوچکی ہے، کمیٹی کے ارکان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر،وجاہت اللہ عباسی،ثنااللہ واسطی اور جاوید حیات شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کی معیاد میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پی سی بی نے قومی جونیئر چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی خدمات پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے سپرد کر دی ہیں، سابق فاسٹ باﺅلردورہ پاکستان پرآنے والی سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کےلئے ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ کی بطور باﺅلنگ کوچ معاونت کریں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں نئی سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے سمری چیئرمین پی سی بی کوبھیج دی جائے گی،اس ضمن میں حتمی فیصلہ رمیز راجہ ہی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن