کراچی (سٹی نیوز) پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط حکومت جلد ختم ہو جائے گی ویسے حکمرانوں کو عزت سے مستعفی ہو جانا چاہئے اس لئے کہ حکمرانوں کو عوام کی قطعی بھی حمایت حاصل نہیں ہے یہ ملک کے فرسودہ نظام کی پیداوار ہیں اور فرسودہ نظام و سیاسی مافیا ہی ملکی سیاسی و معاشی بحران کی اصل جڑ و برائی ہے جو ملک کو مسلسل پون صدی سے کھوکھلا کررہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا عبدالماجد فاروقی، مفتی محمد عدنان مدنی، قاری محمد ندیم سے امن سیکرٹریٹ شیرشاہ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا طارق مدنی نے کہا کہ ملک میں دیانتدار لیڈر شپ کا شدید فقدان ہے نوجوان نسل کو اپنے اندر سیاسی شعور پیدا کرنا چاہئے اور سیاسی میدان میں نکل کر ملک و قوم کو فرسودہ نظام و سیاسی مافیا سے نجات دلانا چاہئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے ملک کا بچہ بچہ بیرونی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے اور ائندہ نسل کا مستقبل تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے انہوں نے ملک و قوم اور آئندہ نسل کی بقا کے لئے آزاد خارجہ پالیسی کی ضرورت پر زور دیا اور موجودہ خارجہ پالیسی کو غلامانہ پالیسی قرار دیا، اس کے خلاف لڑنے کو بہت ناگزیر اور جہاد عظیم سے تعبیر کیا ہے۔