کراچی (سٹی نیوز) پاکستان کی ترقی حقیقی جمہوریت کے برقرار رہنے میں ہے، ماضی میں کی گئی غلطیوں کو سدھارنے کا وقت ہے،سابقہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ جمہوری حکومت میں شامل تمام جماعتیں مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کررہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی(باپ) کے مرکزی رہنما ومعروف قبائلی شخصیت وڈیرا محمد حسن جاموٹ نے کراچی ملیر کے دورے کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے صوبائی نائب صدر محمد موسیٰ جاموٹ کی جانب سے میمن گوٹھ جاموٹ ہائوس میں دیئے گئے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،بعدازاں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال اور مستقبل کے حوالے سے اہم بات چیت بھی کی گئی۔محمدحسن جاموٹ نے درسانہ چھنہ ملیر میں سابقہ وفاقی وزیر عبدالحکیم بلوچ سے ان کے چچا کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما وڈیرا محمد حسن جاموٹ کاکہناتھا کہ سندھ دھرتی ہمارا دوسرا گھر ہے سندھ کے لوگوں نے ہمیشہ عزت و محبت سے نوازا ہے، محمد موسیٰ جاموٹ ہماری برادری کا قیمتی سرمایہ ہیں، خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے سخی دل، مرد مجاہد ہیں، ملک و ملت کو محمد موسیٰ جاموٹ جیسے کردار رکھنے والوں کی ضرورت ہے تاکہ مستحق لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد ہو سکے۔ محمد موسیٰ جاموٹ کو ہمیشہ میدان عمل میں سرگرم دیکھا ہے ۔جاموٹ ہائوس آمد کے موقع پر میزبان محمد موسیٰ جاموٹ نے بلوچستان سے آئے ہوئے مہمانوں بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما وڈیرا محمد حسن جاموٹ و دیگر کااستقبال کرتے ہوئے سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف پیش کئے۔اس موقع پر مرتضیٰ یار محمد بلوچ،وڈیرا منظور احمد میمن، وڈیرا ریحان جانگیر جاموٹ، اسلم جاموٹ ایڈووکیٹ انور علی جاموٹ، وڈیرا رحیم بخش جاموٹ، وڈیرا شاہنواز حسن جاموٹ، حاجی عبدالستار میمن و دیگر بھی موجود تھے۔
پاکستان کی ترقی حقیقی جمہوریت برقرار ر رہنے میں ہے،وڈیراحسن جاموٹ
May 09, 2022