سوات (نامہ نگار)مینگورہ کے حاجی بابا سکول میں 40سال قبل پڑھنے اور پڑھانے والوں نے عید ملن پارٹی کا اہتمام کرکے پرانی یادیں تازہ کردیں، 40سال بعد اس وقت کے اساتذہ اور طلباءگھل مل گئے ، اسمبلی منعقد کرکے اور قومی ترانہ گانے کے بعد کلاس بھی لگالی، گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول حاجی بابا مینگورہ سوات کے طلباءاحسان الحق حقانی ، عطاءاللہ ، فضل ربی ، کرنل احسان ، پرنس فضل الرحمن اور جن طلباءنے 1980سے لیکر 1985تک سکول میں تعلیم حاصل کی تھی، میٹرک کے بعد فارغ ہونے والے طلباءنے اپنے اساتذہ سے محبت کے اظہار میں حاجی بابا سکول میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا جس میں 20اساتذہ اور 50طلباءنے شرکت کی ، سکول پہنچنے پر تمام اساتذہ اور طلباءنے باقاعدہ سکول اسمبلی سے آغاز کرتے ہوئے تلاوت کلام پاک کے بعد قومی ترانہ گایا، طلبا نے کلاسوں میں پہنچ کر مانیٹر پرنس فضل رحمان نے حاضری لی ، اس موقع پر طلباءنے اپنا تعارف کیا اور اساتذہ نے اپنے خطاب میں طلباءکو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ، اس موقع پر طلباءنے اساتذہ کو تحائف پیش کئے اور پرتکلف کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا،سابق ڈائریکٹر ماہر تعلیم ظفر جلیل ، اساتذہ کرام علی حیدر ، فضل معبود ، عبدالستار ، شاہی روم ، فضل مولا اور جمشید خان نے خطاب کیا، پروگرام کے میزبان احسان الحق حقانی نے کہا کہ جب ہم سکول سے فارغ ہوئے تو بہت خوش تھے لیکن اب ہمیں تعلیم کی اہمیت معلوم ہوئی اور سوچتے ہیں کہ ہم نے کیوں وقت ضائع کیا، کیوں دن رات پڑھائی نہیں کی اگر ایسا جذبہ اب بچوں میں پیدا ہوگیا تو ملک کو ہر شعبے میں ماہرین ملیں گے۔،اساتذہ کرام نے کہا کہ ہمارے شاگرد اچھے عہدوں پر فائز ہیں جس پر ہمیں فخر ہے ،انہوں نے اپنے سابق شاگردوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی پڑھائی کی نگرانی کریں تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔
عید ملن پارٹی
مینگورہ ‘ حاجی بابا سکول میں 40سال قبل کے اساتذہ ‘ طلبہ کی عید ملن پارٹی
May 09, 2022