لاہور پشاور (کامرس رپورٹر+ این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے خیبرپی کے کو گندم کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی۔ چیئرمین خیبرپی کے فلور ملز ایسوسی ایشن محمد اقبال نے بتایا کہ احتجاجاً فلور ملز بندکر دی ہیں۔ پابندی کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی کے خلاف فلور ملز نے ہڑتال کر دی ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے محمد اعظم خان نے نگران سی ایم پنجاب محسن نقوی کو خط لکھا۔ محکمہ خوراک پنجاب نے خیبر پی کے انٹری پوائنٹس پر چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔ چیک پوسٹوں پر پنجاب سے گندم، آٹے کی منتقلی کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بندش کی وجہ سے خیبر پی کے میں آٹے کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ خیبر پی کے اوپن مارکیٹ میں آٹے، گندم کی قلت کا خدشہ ہو گیا ہے۔ پاسکو نے خریدی گندم بھی صوبے میں لانے کی اجازت نہیں دی۔ محکمہ خوراک پنجاب کو گندم، آٹے کی آزادانہ منتقلی کی اجازت دی جائے۔ پنجاب کی فلور ملوں نے محکمہ خوراک کی جانب سے گندم کی نقل وحمل پر عائد غیر قانونی پابندی کے خلاف دو روزہ علامتی ہڑتال کے پہلے روز سوموار کو آٹے کی فروخت 4گھنٹے کے لئے معطل رکھی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما عاصم رضا کے مطابق سندھ کی ملوں نے مطالبات کی منظوری کے بعد ہڑتال موخر کر دی تھی تاہم پنجاب اور خیبر پی کے کے مل مالکان نے گندم کی نقل وحمل پر عائد غیر قانونی پابندی کے خلاف ہڑتال کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا اور 2بجے سے شام 6بجے تک 4 گھنٹے کی علامتی ہڑتال کی۔ ان کا دعوی تھا کہ حکومت پنجاب نے گندم اور گندم کی مصنوعات کی نقل وحمل پر غیر قانونی اور غیر آئینی پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں۔ اگر حکومت پنجاب نے اپنی پالیسی میں تبدیلی نہ کی تو ان کے ممبران صوبے میں غیر معینہ مدت کے لئے ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
گندم خط ہڑتال