عمران جھوٹے الزامات نہ لگائیں ، قانونی راستہ اپنائیں : آئی ایس پی آر 

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ایک اعلی فوجی افسر پر الزامات کو آئی ایس پی آر نے انتہائی غیرذمہ دارانہ، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔ پیر کو آئی ایس پی آر نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے بغیر کسی ثبوت کے ایک حاضر سروس سینئر فوجی افسر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔ من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی الزامات انتہائی افسوسناک، قابل مذمت اور ناقابل قبول ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے فوجی اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں کو سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے اشتعال انگیزی اور سنسنی خیز پراپیگنڈے کے ذریعے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ہم متعلقہ سیاسی رہنما سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قانونی راستے کا سہارا لیں اور جھوٹے الزامات لگانا بند کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ادارہ صریحا جھوٹے اور غلط بیانات اور پراپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ دوسری طرف سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کے بیان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں الزامات کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے، اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے ایف آئی آر درج کرکے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی کوشش کی ہے اس قانونی راستے کی حمایت کرنے والے ادارے کا یہ مثبت قدم ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن