اسلام آباد+ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ وزارتوں سے جواب طلب کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 18 اکتوبر کو کرپشن میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے افسران کی لسٹ طلب کی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سالانہ 100 ارب روپے مالیت کی بجلی کی چوری روکنے کا پلان بھی طلب کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کرپٹ افسران کی فہرستیں اور پلان 2 ہفتوں میں طلب کیا تھا لیکن 6 ماہ گزرنے کے باوجود پاور ڈویژن نے ایکشن نہ لیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے فیصلے کو فائلوں میں دبا دیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم نے کابینہ فیصلوں میں رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلانے کا پلان بھی طلب کیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تاخیر کے شکار سستے ترین ونڈ پاور پلانٹس سے متعلق بھی 17 مارچ کو رپورٹ طلب کی تھی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے امیر مقام کی جانب سے خیبرپختونخوا میں آٹے کے بحران پر دلائی جانے والی توجہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات اور فوری طور پر بحران کے خاتمہ کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے مشیر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں آٹے بحران کے بارے میں ازبکستان سے وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور وزیراعظم کو صوبہ میں آٹا بحران بارے عوام میں پائے جانے والے تشویش سے آگاہ کیا جس پر وزیراعظم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا اور فوری طور پر بحران کے خاتمے کیلئے حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کے ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبے اتنے ہی اہمیت کے حامل ہے جتنا کہ پنجاب۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی مشکل ہماری مشکل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مرکز گوادر کی ترقی میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر میں 12 لاکھ گیلن ڈی سیلینیشن پلانٹ کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، گوادر ہسپتال کی تعمیر دسمبر کے بجائے ستمبر میں مکمل کی جائے، گوادر بندرگاہ پر ڈریجنگ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ بریک واٹر کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔ گوادر پرو کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد گوادر کی ترقی میں گہری دلچسپی لی اور گزشتہ سال ذاتی طور پر ساحلی شہر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صوبہ بلوچستان کےلئے 100 ارب کے ترقیاتی پیکج کے اعلان اور شہر کےلئے ایک خطیر رقم مختص کرنے کے علاوہ ایسٹ بے ایکسپریس وے سمیت بنیادی ڈھانچے کے کلیدی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں رہائش گاہ کے قریب ہوٹل میں ناشتہ کیا۔ سلمان شہباز اور افضل بھٹی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم آج پاکستان روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسجد نبوی کے سابق امام قاری شیخ محمد خلیل کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم قاری شیخ محمد خلیل کی اسلام کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔