عرب لیگ نے سوڈانیوں سے بات چیت کے لیے سعودی مصری کمیٹی تشکیل دے دی

May 09, 2023

قاہرہ(این این آئی)عرب لیگ کونسل کی طرف سے وزرائے خارجہ کی سطح پر قاہرہ میں منعقد ہونے والے ایک غیر معمولی اجلاس کے بعد لیگ آف عرب سٹیٹس کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب ، مصر اور سیکرٹری جنرل پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سوڈان میں جاری لڑائی کے دونوں فریقوں اور عالمی برادری سے بات چیت کرے گی۔میڈیاپورٹس کے مطابق احمد ابو الغیط نے یہ بات اجلاس کے اختتام پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کی۔سامح شکری نے سوڈان میں سیاسی مکالمے کی بحالی کی حمایت کا اعلان کیا اور کہا ہم نے پہلے لمحے سے سوڈان میں آگ کو بجھانے کے طریقوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ سامح شکری نے یہ اعلان بھی کیا کہ عرب لیگ نے سوڈان میں جنگ بندی اور ریاستی اداروں کے تحفظ کے مقصد سے رکن ممالک کی ایک رابطہ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے اس سے قبل ابو الغیط نے کہا تھا کہ سوڈان میں جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے شروع کیا گیا سعودی امریکی اقدام حمایت کا مستحق ہے۔اجلاس میں اپنی تقریر میں احمد ابو الغیط نے ملکی مفاد کو ترجیح دینے اور سوڈان میں استحکام کی بحالی اور اس کے اداروں کو تباہی سے بچانے کے لیے سنجیدگی سے بات چیت کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے موجودہ تنازع کو بڑھنے یا مداخلت کے بغیر جنگ میں تبدیل ہوجانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ یہ اجازت نہیں دینی چاہیے کہ یہ تنازع سوڈان کو حریف علاقوں میں تقسیم کرے اور اسے ایک میدان جنگ میں تبدیل کردے اور پھر اس کا وجود، خودمختاری اور علاقائی سلامتی بھی دا پر لگ جائے۔ واضح رہے 15 اپریل کو دونوں فریقوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے سوڈان میں 7 مرتبہ جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ عام شہریوں کو محفوظ علاقوں میں جانے کی اجازت دی جائے۔ غیر ملکیوں کے انخلا میں آسانی ہو اور سپلائی کے راستے کھلے رہیں۔

مزیدخبریں