لاہور (نیوز رپورٹر،خبر نگار)رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کہا ہے پی ڈی ایم نے مہنگائی کا تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ڈی ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 40 لاکھ سے زائد لوگ خط غربت سے نیچے آ چکے ہیں۔ چند لوگوں کا ٹولہ اپنے فائدے کے لیے الیکشن ملتوی کرا کے پورے ملک کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ ابھی وقت ہے ملک کو معاشی بدحالی سے بچانے کے لیے فوری طور پر الیکشن کی طرف جایا جائے۔ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ فیصلہ آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹوں میں عمران خان کے خلاف کیسوں کی سنچری ہو جائے گی۔ چیف جسٹس پاکستان نے آئین کی درست وضاحت کی ہے یعنی اگر نوے دن میں الیکشن ہونے ہیں تو نوے دن میں ہی ہونے ہیں۔ آئین کی تشریح کرنے والا ادارہ سپریم کورٹ ہے۔ وہ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاستدانوں کی ہیرا پھیری کی کوشش کو ناکام کرنا ہے۔ ہمیں جلد الیکشن کی طرف جانا ہے تاکہ مہنگائی اور مسائل سے باہر نکلیں۔ آج پنجاب کی سیٹوں کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ہم ہونے نہیں دیں گے۔ جو بھی ایسی سازش کرے گا منہ کی کھائے گا۔ آئین میں صوبوں کو سیٹوں کا تعین کیا گیا ہے جس کو کبھی خراب نہیں ہونے دیں گے۔