کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوکاروبار حصص شدید مندی سے دوچار ہوگیا۔ پیر کوو مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اورانڈیکس 149پوائنٹس کی تیزی سے42390پوائنٹس تک بھی پہنچا تاہم بعد ازاں آئی ایم ایف کے قرض پروگرام میں تاخیر سے بجٹ سازی کا عمل متاثر ہونے کے خدشات،ملک میں سیاسی تناؤ وکھنچاؤ برقرار رہنے سے سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لئے جس کی وجہ سے تیزی کی جانب گامزن مارکیٹ منفی ون میں چلی گئی اورایک موقع پر یہ خسارہ 473پوائنٹس تک چلا گیا۔مندی کی وجہ سے کاروباری حجم اعشاریہ 49فیصد کم رہا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 81ارب روپے کم ہوکر63کھرب کی سطح سے گرکر62کھرب کی سطح پر آگیا۔ کاروبار میں مندی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ81ارب 38کروڑ60لاکھ 99ہزار937 روپے گھٹ کر62کھرب75ارب17کروڑ5لاکھ8ہزار521 روپے رہ گیا۔ حصص مارکیٹ میں 4ارب 76کروڑ روپے سے زائد مالیت کے17کروڑ90لاکھ 50ہزار431 حصص کا کاروبار ہوا۔