جہاں سے سستا تیل ملا وہاں سے خریدیں گے: مصدق ملک

 وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ جہاں سے سستا تیل ملا ہم خریدیں گے۔فرانسیسی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ اگر ہمیں آج کہیں سے بھی سستا تیل ملے تو پاکستان وہیں سے تیل خریدے گا فی الحال پہلی کھیپ آنے پر جائزہ لیں گے کہ روسی تیل کس قدر ضروریات پوری کرتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے روسی تیل کا پہلا آرڈر گزشتہ ماہ (اپریل میں) دیا تھا، روسی کارگو کی 7 لاکھ 50 ہزار بیرل خام تیل لے کر جون میں پاکستان آمد متوقع ہے۔حکومت کو توقع ہے کہ روسی ٹیسٹ کارگو ساڑھے 7 لاکھ بیرل خام تیل لے کر جون کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچ سکتا ہے، اگر ریفائننگ کی لاگت کے بعد یہ روسی تیل سستا پایا گیا تو یہ مستقبل میں ایندھن کی تجارت کا تعین کرے گا۔دوسری جانب خبرایجنسی کے مطابق آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک پاکستان توانائی کے شدید بحران سے دوچار ہے، پاکستان پٹرولیم ضروریات کا 84 فیصد حصہ درآمد کرتا ہے جس میں سے زیادہ تر عرب ممالک سے حاصل کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن