لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئرلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ گئی‘کھلاڑیوںنے گزشتہ روز آرام کیا۔ ٹیم کا پہلا ٹریننگ سیشن آج ہوگا۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشلز 10، 12اور 14مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے۔ آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کیخلاف 4ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔آل رائونڈر شاداب خان اور حسن علی نے ڈبلن میں ٹیم کو جوائن کر لیا۔ فاسٹ بائولر محمد عامر کی آئرلینڈ کیخلاف سیریز کے پہلے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزہ تاحال موصول نہ ہوسکا۔ محمد عامر آئرلینڈ کے ویزے سے متعلق مسلسل پی سی بی کیساتھ رابطے میں ہیں۔دورہ آئرلینڈ میں محمد عامر کی شمولیت خطرے میں پڑگئی،پہلے دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔محمد عامر کو آئرلینڈ سیریز میں بوجہ سفر اور ویزے میں تاخیر کے باعث آرام بھی کرایا جاسکتا ہے۔محمد عامر انگلینڈ سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ ہونگے۔پی سی بی آئرلینڈ سفارت خانے کیساتھ رابطے میں ہے۔محمد عامر کے ڈاکیومنٹس کی چھان بین چل رہی ہے۔محمد عامر نے انگلینڈ سے آئرلینڈ کا 2018 ء میں ویزہ اپلائی کیا تھا اور حاصل کیا تھا۔اس مرتبہ سارا ریکارڈ سفارتخانہ محمد عامر کے حوالے سے دوبارہ چیک کررہا ہے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق ویزہ جلد جاری ہونے کا امکان ہے ۔اگر ویزہ جاری ہوتا ہے تو محمد عامر دستیاب فلائٹ سے براستہ دبئی ڈبلن روانہ ہونگے۔ پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اتریگی ۔ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان،صائم ایوب،افتخار احمد،عرفان خان،آغا سلمان،عماد وسیم، شاداب خان،اعظم خان،محمد رضوان،عثمان خان، ابرار احمد،حارث رف،حسن علی،عباس آفریدی، محمد عامر،نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں ۔آئرلینڈ ٹیم کو پال سٹرلنگ لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں راس ایڈیر،اینڈریو بالبرنی،ہیری ٹییکٹر،گیرتھ ڈیلانی،کرٹس کیمفر،جارج ڈوکریل،نیل راک،لورکن ٹکر،مارک ایڈیر،گراہم ہیوم،بیری میکارتھی،کریگ ینگ اور بینجمن وائٹن شامل ہیں ۔
قومی کرکٹرز کے ڈبلن میں ڈیرے، آج ٹریننگ، کل آئرلینڈ کیخلاف پہلا ٹی ٹونٹی مقابلہ
May 09, 2024