ریسکیو 15پر ڈکیتی کی جھوٹی کال‘ ملزم2دوستوں سمیت گرفتار

لاہور(نامہ نگار)تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس نے ریسکیو 15پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔ملزم عبد الرحمن نے کال کی کہ ڈاکو مجھ سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ روپے نقدی اور 2موبائل چھین کر فرارہو رہے ہیں۔تھانہ قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی،دوران پوچھ گچھ ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا۔ پولیس کے مطابق ملزم نجی کمپنی میں ڈلیوری بوائے کا کام کرتا ہے اور کمپنی پیسے ہڑپ کرنے کے چکر میں جھوٹی کال کر دی۔ملزمان کے قبضے سے ہتھیائی گئی رقم 66ہزار روپے برآمد کر لی گئی یے۔ ملزم عبدالرحمان نے دوستوں کیساتھ مل کر پیسے ہڑپ کرنے کا پلان بنایا اور 15پر کال کر دی۔ پولیس کے مطابق ملزم عبدالرحمن اور اس کے دوست محمد کامران، محمد شکیل کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ایس پی صدر سدرہ خان نے کہا کہ 15 پر جھوٹی کال کرنا جرم ہے ایمرجنسی کی صورت میں کال کریں، عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن