لاہور (کامرس رپورٹر )انجمن کاشتکارانِ پنجاب (رجسٹرڈ) کے چیئر مین رانا افتخار محمد کی زیرِ صدارت لاہور میں گنے کے کاشتکاروں کا ایک اجلاس ہوا جس میں کسان ویلفیئر کونسل پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر محمد ایوب چودھری ایڈوکیٹ اور پاکستان کسان موومنٹ کے صدر حنیف گجر نے شرکت کی اور حکومت سے اپیل کی کہ اضافی چینی کی فوری برآمد کی اجازت دی جائے۔رانا افتخار نے کہا کہ اگر حکومت نے اضافی چینی کی برآمد کی فوری اجازت نہ دی اور تاخیری حربے استعمال کیے تو اس بات کا قوی امکان ہے کہ موجودہ گندم کے بحران کے بعد اس سے بھی بڑا ایک اور بحران پیدا ہو جائے گا۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے شوگر ملوں کو مالی بحران کے خدشے جیسی صورتحال کا اندیشہ لگ رہا ہے۔ اگر یہی معاملات رہے اور حکومت آنکھیں بندکر کے بیٹھی رہی تو یہ ایک اور شدید بحران کو جنم دیگا۔ کسان گندم، کپاس اور مکئی کی فصلوں کی وجہ سے پہلے ہی تباہ و برباد ہو چکا ہے اور اب ان کی امیدیں گنے کی فصل سے ہی وابستہ ہیں جو کہ ان کو تباہی اور بربادی سے بچا سکے۔ اگلے سال کسان 30 فیصد زیادہ گنا کاشت کر رہے ہیں۔
اضافی چینی کی فوری برآمد کی اجازت دی جائے:کسان ویلفیئر کونسل
May 09, 2024