لاہور(نیوز رپورٹر،خصوصی نامہ نگار ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ ہم وکلاء پر ہونے تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ حکومت نہتے وکلاء کو طاقت کے زور پر دبانا چاہتی ہے۔ عدالتوں کی تبدیلی پر احتجاج وکلاء کا آئینی حق ہے۔ ان وکلاء پر تشدد بدترین آمریت ہے۔ حکومت فوری طور پر گرفتار وکلاء کو رہا کرے اور اس معاملے کو پر امن طریقے سے حل کرے۔ دریں اثناء خصوصی نامہ نگار کے مطابقہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر وکلاء کی احتجاجی ریلی پر پولیس کے دھاوا بولنے ، لاٹھی چارج اور وکلا کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کا صوبہ مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بنادیاگیا ہے۔ کسی کو پرامن احتجاج کا حق نہیں، پولیس چادر چار دیواری کی بے حرمتی کرے، بے گناہوں پر سیاسی پرچے کاٹے اور انصاف کا قتل عام کرے، اِس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پوری دنیا پاکستان کے داخلی حالات کی وجہ سے تشویش کااظہارکررہی ہے۔
وکلاء پر تشدد بدترین آمریت ہے: خالد مسعود سندھو
May 09, 2024