لاہور( خصوصی نامہ نگار ) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام حضرت سیدنا امیر حمزہؓ کے عرس کی مناسبت سے جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ’’حضرت سیدنا امیر حمزہؓ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت امیر حمزہؓ عشق رسولؐ اور اطاعت نبویؐ کا ایک معیار ہیں۔ رسول پاکؐ نے سب سے پہلے پرچم اسلام حضرت امیر حمزہؓ کے ہاتھ میں دیا تھا۔ آپؓنے فرمایا پوری کائنات کے خزانے دے کر بھی مجھے ذات رسولؐ سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ آپؓ حضرت محمد مصطفیؐ کے چچا اور صحابی ہونے کیساتھ رسول اکرم ؐ کے رضاعی بھائی بھی تھے۔ حضرت امیر حمزہؓرسول پاکؐ کے آگے کھڑے ہو کر 2 تلواروں سے جہاد کرتے تھے۔ دربارِ مصطفیؐ سے آپؓ کو سید الشہداء ، افضل الشہداء اور خیر الشہداء کے القاب ملے۔ آپؓ کو اسد اللہ اور اسد رسولؐ ہونے کا بھی شرف حاصل ہے۔ ناموس مصطفیؐ کا جانباز ہونا سیدنا امیر حمزہؓ کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔