نیتن یاہو دیگر کے متوقع وارنٹ، 12 امریکی سینیٹرز کی عالمی عدالت پر پابندیوں کی دھمکی

غزہ، برلن، بیجنگ (این این آئی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کے اسرائیلی ارادے پر چین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل عالمی برادری کے مطالبات پر توجہ دے اور  رفح پر حملے روکے۔ ادھر جرمنی نے کہاکہ رفح میں کوئی بھی بڑا آپریشن نہیں ہونا چاہیے، رفح میں موجود 15 لاکھ افراد ایک دم سے غائب نہیں ہو سکتے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہاکہ عالمی برادری رفح آپریشن رکوانے اور امداد بڑھانے کے لیے اسرائیل پر دبائو بڑھائے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ اور  رفح میں حملے کیے، سرکاری عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا اور 57 سے زیادہ فلسطینی شہید کر دیئے۔ اس کے علاوہ رفح اور کرم ابو سالم کراسنگ سے غزہ آنے والی امداد بھی روک دی۔ نیتن یاہو نے کہا ہے  حماس کی جنگ بندی کی پیش کی گئی تازہ ترین تجویز ہمارے مطالبات پر پورا نہیں اترتی۔ حماس رہنما اسامہ حمدان نے کہا اسرائیل نے رفح میں کارروائی جاری رکھی تو پھر  کوئی جنگ بندی نہیں ہوگی۔ اسرائیلی افواج کے رفح پر حملے کے خلاف برطانیہ میں 10 ڈائوننگ سٹریٹ کے سامنے ریلی نکالی گئی۔ جنگ مخالف تنظیموں کی ریلی کے شرکاء نے جنگ بندی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ رفح کراسنگ پر قبضے کا مطلب ہے کہ غزہ میں امدادی سامان نہیں پہنچ سکے گا۔ شرکاء نے کہا کہ حماس کے جنگ بندی قبول کرنے کے باوجود اسرائیل جنگ پر تلا ہوا ہے۔ برطانیہ، اسرائیلی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور ہتھیاروں کی فروخت فوری طور پر روکے۔ نیو یارک میں فلسطینوں کے حق میں ریلی، واشنگٹن یونیورسٹی میں طلباء نے احتجاج کیا۔ سوئس اور برلن یونیورسٹیز میں پولیس نے کیمپ اکھاڑ دیئے۔ جنیوا، ایتھنز میں پروفلسطین مظاہرے ہوئے، ریلیاں نکالی گئیں۔ ترجمان ایرانی وزرات خارجہ ناصر کنعانی نے رفح پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔ رفح میں امریکی اسلحہ کے استعمال کے خدشہ پر امریکہ نے فراہمی روک دی۔ کئی امریکی سینیٹرز نے جرائم کی عالمی عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں ملوث اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر حکام کے متوقع وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر دھمکی دیدی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 12 ریپبلکن سینیٹرز کی جانب سے آئی سی سی کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو لکھے گئے خط میں نیتن یاہو سمیت اسرائیلی حکام کے خلاف وارنٹ جاری کرنے کی صورت میں جرائم کی عالمی عدالت کے خلاف پابندیاں لگانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اگر عالمی عدالت نیتن یاہو یا دیگر اسرائیلی حکام کو  غزہ کے معاملے میں ذمہ دار ٹھہراتی ہے تو  یہ ناصرف اسرائیل بلکہ  امریکا کی خود مختاری پر بھی حملہ تصور ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن