کینیڈا (نوائے وقت رپورٹ) کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں 3 قانون سازوں کو فلسطین سے اظہار یکجہتی کی علامت کے طور پر پہنا جانے والا رومال ’کوفیہ‘ پہننے پر قانون ساز اسمبلی سے باہر نکال دیا گیا۔ قانون سازوں کو اونٹاریو کے سپیکر ٹیڈ آرنوٹ نے کمرہ چھوڑنے کو کہا، انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی عمارت کے باہر کوفیہ پہننے کی اجازت ہے لیکن قانون ساز ایوان میں اس کی اجازت نہیں ہے۔ 6 مئی کو آزاد قانون ساز سارہ جاما نے احتجاجاً کوفیہ پہنا تھا جسے ایوان سے باہر نکال دیا گیا، اس کے بعد نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے قانون ساز جوئل ہارڈن اور کرسٹین وونگ تام نے بھی کوفیہ پہنا اور سارہ جاما سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے باہر چلے گئے۔ وونگ تام نے کہا کہ جب تک پابندی برقرار رہے گی، وہ اور ان کے ساتھی پابندی ختم کرنے تک تمام ضرورت اقدامات کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران پرامن رہیں گے۔