اذلان شاہ ہاکی کپ ‘ پاکستان13سال بعد فائنل میں پہنچ گیا 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملائیشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے کینیڈا کو 4-5 گول سے شکست دیکر 13سال بعدایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔ جاپان نے میزبان ملائیشیا کو ہرا کر فائنل کیلئے سیٹ پکی کرلی۔دونوں ٹیموں نے د س دس پوائنٹس حاصل کئے جبکہ ایک ایک میچ باقی ہے ۔ قومی ٹیم 2011ء کے بعد فائنل میں پہنچی ہے ۔ ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے اپنے چوتھے پول میچ میں کینیڈا کو شکست دی۔ پاکستان نے نئے گول کیپر منیب الرحمٰن کیساتھ میچ کا آغاز کیا تاہم کینیڈا نے کھیل کے 5 ویں منٹ میں سین ڈیوس اور 17ویں منٹ میں ہربیر سدھو کی مدد سے 2 فیلڈ گول کرکے اپنی برتری قائم کرتے ہوئے پاکستان کو دباؤ میں لے لیا۔ پاکستان کے ابوبکر‘ محمود کے ذریعہ کھیل کے 28ویں اور 29ویں منٹ میں گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا۔ ہاف ٹیم کے بعد پاکستان ٹیم کے تجربہ کار گول کیپر عبداللہ اشتیاق خان نے پاکستان کی گول پوسٹ کا مورچہ سنبھالا۔ تیسرے کوارٹر کے 36ویں منٹ میں ارشد لیاقت، 44ویں منٹ میں رانا وحید اشرف اور 45ویں منٹ میں غضنفر علی نے گول کرکے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کینیڈا کی جانب سے کھیل کے45ویں منٹ میں کھلاڑی سین ڈیوس نے فیلڈ گول کیا۔ کینیڈا کی جانب سے کھیل کے 50ویں منٹ میں اووجوت بٹر نے فیلڈ گول کرکے کینیڈا کے گول خسارے کو کم کیا، تاہم جیت کا پلڑہ پاکستان کے حق میں رہا۔ابو بکر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جاپان نے میزبان ملائیشیا کو دو ایک سے ہراکر فائنل میں سیٹ پکی کرلی ۔ فائنل پاکستان اور جاپان کے درمیان 11مئی کو کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے دس دس پوائنٹس ہیںجبکہ ایک ایک میچ باقی ہے ۔ قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ کیخلاف آخری میچ کھیلے گی ۔ ملائیشیا کے چار میچوں میں چھ ‘نیوزی لینڈ کے چار میچوںمیں چھ ‘کوریا کے چار میچوں میں تین پوائنٹس ہیں ۔ کینیڈا کی ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے ۔ 

ای پیپر دی نیشن