لاہور (آئی این پی ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9مئی کے لمحات یاد کرکے ہر محب وطن پاکستانی کا دل خون کے آنسو روتا ہے، ایک "سیاسی انتہا پسند گروہ" نے افواج پاکستان پر چڑھائی کرنے کی منظم سازش کی، 9 مئی پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی جس کا ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر منظم پلاننگ سے حملے پاک فوج کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی سازش تھی، شہدا کے مجسموں کو جلایا گیا یادگاروں کی توہین کی گئی، پوری دنیا میں مہذب قومیں اپنے شہدا کو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہیں، لیکن "سیاسی انتہا پسند گروہ" نے پاکستانی قوم کے فخر شہدا کے مجسموں کو بے دردی سے جلایا۔ عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ تذلیل اصل میں شہدا کی ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی توہین کے مترادف ہے، ایک سال بعد بھی نو مئی کے کرداروں اور سہولت کاروں کو سزائیں نہ ملنا نظام عدل پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، ہزاروں کی تعداد میں ویڈیو، تصویریں اور آڈیو کالز بطور ثبوت موجود ہیں۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ثبوتوں کے باوجود ایک بھی عدالت نے کسی شرپسند کو سزا نہیں سنائی، شہدا کے لواحقین عدالتوں کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ نو مئی کے ملزمان کو کب کیفر کردار تک پہنچایا جاتا ہے،جب تک نو مئی کے ملزمان کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
9 مئی تاریخ کا ہولناک، افسوسناک اور شرمناک دن ہے،عظمیٰ بخاری
May 09, 2024