شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جس کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے بغیر آگے بڑھا نہیں جاسکتا۔ اداروں کے خلاف منظم تحریک چلانے والے ملک دشمن عناصر آج بھی آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کر ملکی سالمیت داؤ پر لگانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں مگر ان کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان کے عوام اور شہری پاکستان فوج کے ساتھ ہیں اور 9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہونے والوں کے خلاف آہنی ہاتھ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا پی ٹی آئی نے جس طرح ایک سازش کے تحت افواج پاکستان کو ٹارگٹ کیا وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ کس طرح معصوم بچوں کے ذہن میں زہرگھولا گیا۔ 9 مئی کو فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزائیں دی جانی چاہئیں۔
9 مئی کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا: عارف سندھیلہ
May 09, 2024