اسلام آباد (وقائع نگار+نمائندہ نوائے وقت+اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کرتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے گزشتہ ہفتے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، عدالت نے اپنے فیصلے میں بشری بی بی کو بنی گالہ سب جیل رکھنے کا 31 جنوری کا چیف کمشنر اسلام آباد کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا۔ یاد رہے بشری بی بی نے بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست دائر کررکھی تھی، عدالت کے سامنے جیل حکام نے جیل میں گنجائش نہ ہونے اور سکیورٹی ایشو کی وجہ سے منتقل نہ کرنے کی موقف اختیار تھا۔ واضح رہے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول توشہ خانہ ریفرنس اور عدت میں نکاح کے مقدمات میں قید اورجرمانے کی سزا بھگت رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )کی 6 اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانتوں میں 16 مئی تک توسیع کردی۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 اور بشری بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے انسداد دہشت گردی میں تبادلہ کی وجہ سے نہ ہو سکی۔ سابق وزیراعظم اور بشری بی بی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت بغیر کارروائی 16 مئی تک ملتوی کردی گئی۔