گوادر: نامعلوم مسلح افرادکاسربندرمیں رہائشی کوارٹر پر حملہ، 7 مزدورقتل

گوادرمیں نامعلوم مسلح افراد نے سربندرمیں رہائشی کوارٹر پر حملہ کرکے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 7 مزدوروں کو قتل کردیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں نے سربندر میں مزدوروں پر حملہ جبکہ انتظامی افسران وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جاں بحق مزدوروں کے اہلخانہ سے رابطہ کیا جاررہا ہے۔ادھر ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے فش ہاربرجیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر پر حملہ کیا، حملہ اس وقت کیا گیا جب کوارٹر میں مزدور سو رہے تھے جبکہ حملے میں ایک مزدور زخمی ہے۔ذرائع کے مطابق لاشیں اور زخمی گوادر اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد سربندر میں سیلون (حجام) کے دکان میں کام کرتے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن