اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے شہری پہلے ہی پریشان تھے کہ حکومت کی جانب سے ان پرایک اوربم گرادیا گیا اوریوٹیلٹی سٹورزپربھی چینی کی قیمت دس روپے فی کلو بڑھا دی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی کیا کسی بھی معاملے میں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی، عوام کو شوگرمافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی خریدنا یا میٹھا کھانا تو اب ایک خواب بن چکا ہے۔
چینی کی قیمت پرکنٹرول کرنے کے سلسلے میں وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور صوبائی حکومت وفاقی حکومت پرالزام لگانے میں مصروف ہے، شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو سارے معاملے کا ذمہ دار قرار دے کر اپنی جان چھڑانے کی کوشش کی ہے لیکن عوام کے ہاتھ میں کچھ نہیں، انہیں تو یہ بھی نہیں پتا کہ ان کے لئے مسائل کا پہاڑکھڑے کرنے والے اصل مجرم کون ہیں۔ مہنگائی میں پسے عوام کا دکھ سننے اوراس کا مداوا کرنے والا بھی کوئی نہیں۔