کوئٹہ(ثناءنیوز) کوئٹہ جمعیت علمائے اسلام(ف) نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز خصوصی طورپر اس مقصد کیلئے کوئٹہ کا دورہ کیا ہے جے یو آئی (ف)کے ذرائع کے مطابق اسلم رئیسانی کی حمایت کا فیصلہ بلوچستان امن و امان کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا موقف ہے کہ امن و امان کی صورتحال کراچی میں بہتر ہے نہ خیبر پی کے میں،کراچی میں 10ماہ میں 1800 افراد مارے جاچکے ہیں۔یاد رہے کہ امن و امان کی صورتحال اور دیگر معاملات سے متعلق 13نومبر کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے اس حوالے سے بعض آئینی پیچیدگیوں کا ذکر کیاجارہا ہے سپیکر بلوچستان اسلم بھوتانی اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں اجلاس کی صدارت کرنے نہ کرنے کے بارے مےںکوئی فیصلہ نہیں کرسکے ہیں۔