لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارتی پنجاب کی ہاکی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ جوہر ٹاون میں واقع نئے ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا گیا۔ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے۔ میچ کے پہلے ہاف تک پاکستان کو حریف ٹیم کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی اور یہ گول عمران ملک نے کیا۔ دوسرے ہا ف میں بھارتی پنجاب ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے اوپر تلے دو گول کر کے سبقت حاصل کر لی۔ پاکستان کے عمران ملک نے دوسرا گول کر کے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔