سکھبیر سنگھ بادل کی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو امرتسر کی صفائی کا ٹھیکہ دینے کی پیشکش

Nov 09, 2012

لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو امرتسرکی صفائی کا ٹھیکہ دینے کی پیشکش کی ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود بھارتی پنجاب کے نائب وزیر اعلیٰ کی دعوت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا وفد جلد ہی امرتسر کا دورہ کرے گا اور وہاں کے سالڈ ویسٹ نظام کا جائزہ لے کر ابتدائی رپورٹ تیار کرے گا۔ بھارتی نائب وزیرِ اعلیٰ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کمپنی کے ایم ڈی وسیم اجمل چودھری اور پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا ہے اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرز پر امرتسر میں بھی سالڈ ویسٹ نظام کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران میں نے لاہور میں صفائی کی صوتحال کو مثالی پایا اور اس سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بھارتی ڈپٹی وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا پاکستان میں گورودواروں کی تزئین و آرائش اور سکیورٹی دیکھ کر خوشی ہوئی، یہاں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اور اقلیتوں کو تحفظ حاصل ہے۔ سکھبیر سنگھ بادل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اورگورودوارہ جنم استھان میں مذہبی رسومات ادا کیں۔ مہمانوں کا استقبال کرنے کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن جواد رفیق، آر پی او شیخوپورہ رینج ذوالفقار احمد چیمہ، ڈی سی او ڈاکٹر عثمان علی خاں، ڈی پی او غلام مبشر میکن، بلال احمدورک ، زعیم قادری، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اوقاف ملک انوارالحق، اے ڈی سی میاں جمیل ، تحصیلدار شوکت سندھو سمیت ضلعی انتظامیہ موجود تھی۔ مہمانوں کو بچوں نے گلدستے پیش کیے ،سردار سکھبیر سنگھ کی اہلیہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب آکر جتنی خوشی ہے بیان نہیں کر سکتی، گلوکار ہنس راج ہنس نے کہا کہ اس پاک دھرتی پر آکر بہت سکون ملا ہے۔ مہمانوں نے ماتھا ٹیکی کی رسم ادا کی۔

مزیدخبریں